میو ہسپتال میں کورونا مریض کے جاں بحق ہونے کا واقعہ، وزیراعلیٰ نے تحقیقات کا حکم دیدیا

Last Updated On 27 March,2020 07:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حکم دیا ہے کہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد واقعہ کی ابتدائی انکوائری کے لئے خود میو ہسپتال پہنچ گئیں۔

تفصیل کے مطابق میو ہسپتال میں بزرگ مریض کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ واقعہ کی غیر جانبدارانہ انکوائری کر کے حقائق منظر عام پر لائے جائیں۔ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ایسا واقعہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی میو ہسپتال میں کورونا وائرس کے مریض کی ہلاکت کی خبر کا نوٹس لیا اور معاملہ کی تحقیقات کرنے خود ہسپتال پہنچیں۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ معاملہ کی مکمل تحقیقات کیلئے دو سینئر پروفیسرز کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب اور وزیر صحت نے واضح کیا ہے کہ واقعہ میں ڈاکٹرز کی غفلت ثابت ہونے پر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔