اتحاد اور احتیاط سے ہی کرونا سے بچا جاسکتا، کوئی تنہاء کچھ نہیں کرسکتا: شہباز شریف

Last Updated On 27 March,2020 03:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحاد، احتیاط اور خدمت سے ہی کرونا وائرس سے بچا جاسکتا ہے، کوئی فرد تنہا کچھ نہیں کرسکتا، ہمارے سامنے اس وقت بڑا مقصد قومی بقا اور سلامتی کا ہے۔

صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے سابق مئیرز اور ڈسرکٹ چیرمینز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ (ن) نے اپنی قومی، ملی، جمہوری و آئینی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اقدامات کا آغاز کیا، ہم نہیں چاہتے کہ حکومت کی حماقتوں کی سزا پاکستان کی باعزت قوم کو ملے، قومی اتحاد، یکجہتی اور قائد اعظم کی بصیرت پر چلتے ہوئے ہم نے قومی لائحہ عمل تیار کیا، اس قومی لائحہ عمل کو پوری اپوزیشن نے منظور کیا جسے ہم نے حکومت کو پیش کیا ہے۔

شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ملک و قوم کے مشکل ترین وقت میں اپوزیشن کی سفارشات پر عمل کرے، عوام کی براہ راست مدد کرنے کی حکمت عملی بھی وضع کی، عوامی حکمت عملی کے تحت ہم نے کورونا سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنا ہے، آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ خوراک، ادویات اور دیگر ضروریات کی فراہمی میں ہاتھ بھی بٹانا ہے، لوکل گورنمنٹ باڈیز کو فی الفور بحال کیاجائے۔