سعودی عرب نے پاکستانی حکومت کو حج معاہدہ کرنے سے روک دیا

Last Updated On 26 March,2020 11:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر سعودی حکومت نے پاکستان کو حج معاہدہ کرنے سے روک دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی وزیر حج کا مراسلہ وزارت مذہبی امور کو موصول ہو گیا ہے جس میں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے حج معاہدہ نہ کریں۔

سعودی حکومت کے خط میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، صورتحال بہتر ہوتے ہی آگاہ کرینگے۔ وزارت مذہبی امور نے سعودی حکومت کی اطلاع کے بعد حج پر کام روک دیا ہے۔

سعودی عرب کے وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن کی جانب سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ، عالمی سطح پر روک تھام، مسجد حرام اور مسجد نبوی کیلئے آنے والوں کو زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم اور حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ بالا کی بنیاد پر آپ سے درخواست کی جاتی ہے کہ جب تک کورونا وائرس کی سمت درست نہ ہو جائے، تب تک نئے معاہدے نہ کیے جائیں۔

سعودی عرب کے وزیر حج وعمرہ کی جانب سے خط میں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ سعودی حکومت اس وائرس کے پھیلاؤ، اس کے نتائج اور نئی پیشرفت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے جبکہ احٹیاطی تدابیر کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں کوئی نئی پیشرفت ہوئی تو حکومت پاکستان کو آگاہ کر دیا جائے گا۔