حکومتی خزانے پر بوجھ سرکاری اداروں کی نجکاری قومی مفاد میں ہے، وزیراعظم

Last Updated On 16 March,2020 07:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومتی خزانے پر بوجھ بننے والے سرکاری اداروں کی نجکاری قومی مفاد میں ہے۔ اداروں کی نجکاری، انضمام یا متعلقہ محکموں کو منتقلی کے عمل کا مقصد معاشی خسارے میں کمی لانا اور اداروں کی استعدادِ کار اور کارکردگی میں بہتری کو یقینی بنانا ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وزارت صنعت کے زیر انتظام اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، سیکریٹری صنعت ڈویژن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ صنعت ڈویژن کے زیر انتظام 38 ادارے ہیں جن میں سے تیرہ کی نجکاری، دس کا انضمام، پانچ کو متعلقہ ڈویژنز اور صوبوں کو منتقلی کے بعد وزارت کے پاس صرف نو ادارے رہ جائینگے۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اس عمل میں کاروباری طبقے اور چینج منیجمنٹ کے ماہرین سے بھی مشاورت کی جائے۔ انہوں نے صنعت ڈیویژن کو ہدایت کی کہ کابینہ سے منظور شدہ اداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ مقرر شدہ معیاد میں یہ عمل مکمل کرنے کو یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بناتے ہوئے ملک میں کہیں بھی ذخیرہ اندوزی نہ ہونے دی جائے۔ کرونا وائرس کے خطرے سے آگاہ ہیں مگر ایسے فیصلے نہ کریں جس سے خوف پیدا ہو۔

وزیراعظم کے زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی اور معاشی ٹیم کے الگ الگ اجلاس ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا سے متعلق افواہوں اور منفی خبروں سے نمٹنے کے لیے حکومت عوام کو مسلسل باخبر رکھے گی۔ معاون خصوصی ظفر مرزا ہر روز شام 5 بجے صورتحال سے متعلق قوم اور میڈیا کو آگاہ کریں گے۔

اجلاس میں کرونا سے نمٹنے کے لیے صوبوں کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا جبکہ نماز جمعہ کے اجتماعات پر مجوزہ پابندی سے متعلق علمائے کرام سے مشاورت پر بریفنگ دی گئی۔

معاشی ٹیم کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ وافر مقدار میں مہیا کی جائیں۔ وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وسائل کی فراہمی کیساتھ وینٹی لیٹرز کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم عمران خان سے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کرنا وائرس کے پیش نظر مذہبی اجتماعات پر پابندی کے لیے مولانا طارق جمیل سے کردار ادا کرنے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی۔

ذرائع کے مطابق مولانا طارق جمیل کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر سے متعلق بیان بھی جاری کریں گے۔