لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ملازمین کو بائیو میٹرک سسٹم کے تحت حاضری لگانے سے روک دیا۔ ڈپٹی رجسٹرار ہائیکورٹ نے کہا تمام افسران اور ملازمین رجسٹرڈ پر حاضری لگائیں۔
لاہور ہائیکورٹ آفس نے مراسلہ پورے پنجاب کی عدلیہ کو ارسال کر دیا۔ مراسلے میں کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے تمام بینچز میں حاضری بائیو میٹرک سسٹم کے بجائے رجسٹرڈ پر لگائی جائے۔
ادھر سندھ ہائی کورٹ نے بھی صوبے بھر میں بائیو میٹرک سسٹم میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا۔ ہائی کورٹ سمیت تمام عدالتوں میں بائیو میٹرک حاضری ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ تمام ملازمین کی بائیو میٹرک سسٹم میں چہروں سے شناخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے گزشتہ روز کراچی میں کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 9 کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہوگئی۔ وزیر صحت سندھ کی ترجمان میرن یوسف نے بھی نئے کیسز کی تصدیق کی ہے جس کے بعد صوبہ سندھ میں کل مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔
ترجمان کے مطابق 6 مریض شام سے براستہ دوحہ آنے والی پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچے جبکہ 3 متاثرہ افراد گزشتہ ہفتے لندن سے براستہ دبئی پرواز کے ذریعے کراچی آئے تھے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق تمام نئے کیسز پہلے سے کنفرم کیس سے رابطے میں رہنے والے لوگ ہیں جبکہ مریضوں سے رابطے میں رہنے والے مزید لوگوں کو ٹریس کیا جا رہا ہے۔ ملک میں اب تک کرونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے کراچی میں 13، اسلام آباد میں 2 جبکہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔