سکولوں کی مزید چھٹیوں یا پی ایس ایل میچز منتقلی کی تجویز زیر غور نہیں: مرتضی وہاب

Last Updated On 10 March,2020 03:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سکولوں کی مزید چھٹیوں یا پی ایس ایل میچز منتقلی کی تجویز زیر غور نہیں، سندھ حکومت کے فیصلوں پر عملدرآمد کریں گے۔

وزیر صحت عذرا پیچوہو نے لوگوں کو بھیڑ سے بچنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا وائرس روکنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ نے بتایا کہ شاپنگ سینٹرز اور دیگر جگہوں پر جانا عوام کی مرضی ہے، گراؤنڈ اور دیگر جگہوں پر سپرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے پی ایس ایل کے حوالے سے بتایا کراچی میں کرونا وائرس سے میچز متاثر نہیں ہونگے، تمام میچز شیڈول کے مطابق ہونگے۔

خیال رہے گزشتہ روز کراچی میں کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 9 کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہوگئی۔ وزیر صحت سندھ کی ترجمان میرن یوسف نے بھی نئے کیسز کی تصدیق کی ہے جس کے بعد صوبہ سندھ میں کل مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

ترجمان کے مطابق 6 مریض شام سے براستہ دوحہ آنے والی پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچے جبکہ 3 متاثرہ افراد گزشتہ ہفتے لندن سے براستہ دبئی پرواز کے ذریعے کراچی آئے تھے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق تمام نئے کیسز پہلے سے کنفرم کیس سے رابطے میں رہنے والے لوگ ہیں جبکہ مریضوں سے رابطے میں رہنے والے مزید لوگوں کو ٹریس کیا جا رہا ہے۔ ملک میں اب تک کرونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے کراچی میں 13، اسلام آباد میں 2 جبکہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔