موجودہ حکمران نااہل، ملک چلا سکتے ہیں نہ معیشت، بلاول بھٹو زرداری

Last Updated On 08 March,2020 09:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں نے عوام کا جینا حرام کر دیا، یہ نااہل حکمران ہیں جو معیشت اور ملک نہیں چلا سکتے۔ حالات بد سے بدتر ہو رہےہیں۔

بلاول بھٹو کا لاہور میں جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس وقت نالائق اور نااہل حکومت اقتدار میں ہے۔ موجودہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھا دیا۔ ملک میں مظلوم طبقے پر سب سے زیادہ ظلم ہو رہا ہے۔ نالائق حکومت مزدور طبقے کیلئے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی معاشی پالیسیوں میں بہت فرق ہے۔ نواز شریف حکومت نے بھی غریبوں پر خرچ نہیں کیا۔ چاہتے ہیں عوام کیلئے غریب دوست پالیسی لے کر آئیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ہر شرط کو مانا اور ملکی معیشت کو گروی رکھ دیا۔ حکومت نے ہماری معاشی خود مختاری پر سودے بازی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بغیر کسی پلان آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا۔ ‘’پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل’’ نے عوام کا معاشی قتل کر دیا۔ ملک میں ایسی حکومت ہے جو کسی کو برداشت نہیں کرتی۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ ہر عورت اب جانتی ہے کہ وہ بھی بینظیر بن سکتی ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو خواتین کے لیے روشنی کا مینار ہیں۔ انہوں نے خواتین کے لئے راستے منور کیے تا کہ ان کی محنت اور جان پر فقط ان کا اختیار ہو۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ خواتین اپنی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گی۔ اگر وہ اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کرتی رہیں تو ہر پاکستانی خاتون بینظیر ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور پسماندہ طبقات ہی پیپلز پارٹی کی اصل طاقت ہیں۔ پاکستان کی عوام نے مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم کے حق میں ووٹ دیا۔ پی پی پی نے مردوں کے زیر تسلط نظامِ حکومت میں خواتین کے لئے راستے ہموار کیے۔ پیپلز پارٹی تمام خواتین کو بااختیار بنانے اور مساوات کے لئے ہر قدم کی حمایت کرے گی۔