وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے یورپی یونین کی سفیر اندرولا کمنارا کی ملاقات

Last Updated On 04 March,2020 09:06 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات یورپی یونین کی سفیر اندرولا کمنارا نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے دوران پاکستان اور یورپی یونین کے مابین تجارتی اور سیاسی تعاون کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے یورپی سفیر کو بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کے منظور کردہ امتیازی شہریت ترمیمی قانون کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

یورپی یونین کی سفیر نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے ایکشن پلان سے متعلق پاکستان کے مصمم ارادے کو سراہا۔ اس سلسلہ میں انہوں نے یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو تکنیکی سہولیات کی فراہمی کا بھی یقین دلایا۔