اسلام آباد: (دنیا نیوز) صوبہ سندھ کے حلقہ پی ایس باون عمر کوٹ میں ضمنی انتخابات کے پیش نظر آئی جی سندھ اور صوبائی حکومت کے خطوط الیکشن کمیشن کو موصول ہو گئے ہیں۔ دونوں خطوط میں ایک دوسرے پر الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
آئی جی سندھ کلیم امام نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ایس پی عمر کوٹ انتخابات پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ الیکشن شیڈول جاری ہو چکا ہے، ایسے میں ایس پی عمر کوٹ کے ذریعے انتخابی عمل کو متاثر کیا جارہا ہے، الیکشن کمیشن انھیں ہٹائے۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے اپنے خط میں کہا ہے کہ آئی جی سندھ کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ الیکشن کمیشن معاملے کی انکوائری کرے اور آئی جی سندھ کو ہٹائے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ نے معاملہ کمیشن کے سامنے رکھ دیا ہے۔