لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے پیراگون ریفرنس میں نامزد خواجہ برادرن کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کر دی، لیگی رہنما رانا مشہود نے آٹا چینی بحران کے ذمہ داروں کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔
احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج امیر محمد خان نے خواجہ برادرن کے خلاف پیراگون ریفرنس کی سماعت کی، خواجہ برادرن کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ بیماری کے باعث ایمبولنس میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کرائی۔
سابق صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو جیل حکام نے عدالت کے روبرو پیش کیا جبکہ عدالتی استفسار پر جیل حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ خواجہ سعد رفیق اسلام آباد میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں مصروف ہیں جس کی وجہ انہیں عدالت پیش نہیں کیا جا سکا۔
عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما رانا مشہود نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حالات میں عوام پھر نوازشریف کی طرف دیکھ رہی ہے، خواجہ بردارن کئ پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے تھے جبکہ پولیس اہلکاروں اور لیگی رہنماوں کے درمیان دھکم پیل بھی ہوئی۔