اسلام آباد: (دنیا نیوز) یہ قرارداد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف اور پارٹی کے دیگر اراکین کے دستخطوں سے قومی اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے چین کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار جبکہ متاثرہ پاکستانیوں بالخصوص پاکستانی طالب علموں کا اپنوں کی طرح بہترین علاج اور دیکھ بھال کرنے پر صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ن لیگ کی قرارداد میں کہا گیا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں بہادری، مستعدی اور موثر پالیسیوں کے ذریعے مشکل صورتحال سے نمٹنے، کرونا وائرس پر قابو پانے اور اس کے خاتمے کی کوششوں پر چین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ مشکل کی اس گھڑی اور طبی ہنگامی صورتحال میں پاکستانی عوام اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔