راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کے ستوال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی، دشمن کی فوج نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کے باعث 45 سالہ شخص زخمی ہو گیا، زخمی ہونے والے شخص کا تعلق مدار پور گاؤں سے ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے 45 سالہ شخص کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
دوسری طرف لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کیا۔
ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارتی سفارتکار سے شدید احتجاج کیا۔
دفتر خارجہ نے بھارتی فوج کی طرف سے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کی طرف سے ایسے احمقانہ اقدامات 2003 ء کی جنگ بندی معاہدے کی صریحاً خلاف ورزی، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی اقدار کے مکمل منافی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری کے ساتھ کشیدگی بڑھا کر بھارت دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی صورتحال سے ہٹا نہیں سکتا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت 2003 ء کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے، جنگ بندی کی دانستہ طور پر خلاف ورزیوں کے حالیہ واقعے بھارت کے اندورنی حالات سے دنیا کی نظر نہیں ہٹا سکتی۔