اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر چیلینجز کا سامنا ہے، میری کامیابی قوم کی کامیابی ہے، کرپٹ ہوں نہ کسی کو کرپشن کرنے دوں گا۔ بھارت بڑا چیلنج ہے، وہاں پر انتہا پسندی غالب ہے، حالات نریندرا مودی کے ہاتھوں سے نکل رہے ہیں، اندرونی حالات سے بچنے کے لیے پاکستان پر حملہ کر سکتا ہے جس کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں اور ڈیجیٹل میڈیا کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ملک کو درپیش چیلنجز، مسائل سے نمٹنے کے لئے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فاشسٹ مودی سرکار ہندوراشٹرا کے خواب پورا کرنے کیلئے امن اور خطے کی سلامتی کو داؤ پر لگا رہی ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے مظلوم کشمیری عوام کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی قیادت کی دھمکیوں سے خطے کا امن و استحکام متاثر ہو گا: کور کمانڈرز کانفرنس
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا معاملہ سنجیدہ ہے، بھارت اس وقت بڑا چیلنج ہے، بھارت پر انتہا پسندی غالب ہے، حالات مودی کے ہاتھوں سے نکل رہےہیں، اندرونی حالات سے بچنے کے لیے بھارت پاکستان کے خلاف شرانگیزی کرسکتا ہے۔ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے تیاری بھرپور ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ نوجوان طبقے کے لئے ایک ہی پیغام ہے کہ محنت کریں۔ کامیابی محنت کے بغیر ممکن نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تاریخ کی سب سے مشکل معاشی صورتحال سے نکل آیا ہے۔ مالیاتی خسارہ کم ہو چکا ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ اس حکمت عملی سے روز گار کے مواقع میسر آئیں گے اور معیشت ترقی کرے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوان طبقے کو کامیابی کو اجاگر کرنا چاہیے، حکومت نے غریب عوام کے لیے احساس پروگرام اور پناہ گاہوں کا اجرا کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن اور مافیا کو ختم کرنے کے لیے آخری حد تک لڑائی جاری رکھوں گا۔ ڈیجیٹل میڈیا کی تیز تر افزائش کے باعث معلومات کا پھیلاؤ سرحدوں کا پابند نہیں رہا،
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بھی چیلینجز کا سامنا ہے، عالمی سطح پر پاکستان کے درست تشخص کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر استعمال کی حکمت عملی وقت کا تقاضا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مافیا نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، شریف برادران کرپشن سے بنائے اثاثوں کا جواب نہیں دے سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناءاللہ کو اسکی اپنی پارٹی کے لوگ قاتل کہتے ہیں، میری کامیابی قوم کی کامیابی ہے، ناکام ہوئے تو چور ڈاکو پھر اقتدار میں آئیں گے، مسائل راتوں رات حل نہیں ہوتے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مدینہ ریاست بننے میں بھی وقت لگا، حکومت کے خلاف میڈیا پر منصوبہ بندی سے مہم چلائی جاتی ہے، حکومت جھوٹی خبروں کے خلاف اب کاروائی کرے گی، جعلی خبروں سے متعلق شہباز گل اور ارسلان جاوید کو ٹاسک سونپا ہے۔