وزیراعظم کو حوریں، مہنگائی کے مارے عوام کو دن میں تارے نظر آتے ہیں: احسن اقبال

Last Updated On 30 January,2020 10:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو حوریں جبکہ مہنگائی کے مارے عوام کو دن میں تارے نظر آتے ہیں۔ آٹا بحران کی تحقیقاتی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے۔ ہمیں جیلوں میں ڈالو لیکن عوام کیلئے کچھ کر لو۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ انہیں درد کا ٹیکا لگنے سے حوریں نظر آتی ہیں جبکہ حکومت کے مہنگائی کے ٹیکوں سے عوام کو دن میں تارے نظر آنے لگے ہیں۔

احسن اقبال نے مطالبہ کیا کہ حکومت آٹا بحران کی تحقیقاتی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرے۔ حکومتی ممبران نے عوام کی جیبوں میں ڈاکہ مار کر جیبیں بھریں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ آٹے اور چینی کے بحران کے پیچھے وزیراعظم کی ٹیم ہے۔ سپریم کورٹ آٹے بحران کا نوٹس لے۔ بتایا جائے کہ کس نے گندم باہر بھیجی؟

احسن اقبال نے خدشہ ظاہر کیا کہ ٹڈی دل کا حملہ پنجاب میں گندم کی فصل تباہ کر دے گا۔ گندم کی فصل کم ہونے کی وجہ سے مزید مہنگائی ہوگی۔ حکومت کا ایک ہی نعرہ ہے کہ میں نہیں چھوڑوں گا۔ ہمیں جیلوں میں ڈالو لیکن عوام کیلئے کچھ کر لو۔