جتنا بھی شور مچا لیں کوئی این آر او نہیں ملنے والا، وفاقی وزیر مراد سعید

Last Updated On 23 December,2019 06:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ نے وزیراعظم عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا لیکن نواز شریف آج تک رسیدیں نہیں دکھا سکے۔

احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ بھائی کے ٹھیکوں سے اربوں کمانے والوں کے چہروں سے خوف صاف جھلک رہا ہے، لیگی رہنما حقائق سے نظریں چرا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ عمران خان نے ثابت کیا کہ کمائی حلال ہو تو برسوں بعد بھی رسیدیں مل جاتی ہیں لیکن دوسری جانب مسلم لیگ ن کے لیڈر کو رسیدیں ملیں نہ ہی قطری خط، مریم نواز کا کیلبری فونٹ بھی کسی کام نہیں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کی تاریخی داستان پر آپ کو نیب نے تحقیقات کیلئے بلایا۔ شور مچانا آپ کی ملکی دولت کی لوٹ کھسوٹ کی کہانی عیاں کرتا ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ پوری کی پوری کرپٹ لیگ کرپشن کی دلدل میں ڈوبی ہوئی ہے۔ آپ کی چھوٹی چوری بھی اربوں روپے سے کم نہیں ہے۔ جعلی ارسطو خود نارروال اور بھائی پی ایچ اے سکینڈل میں ملوث ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنا بھی شور مچا لیں کوئی این آر او نہیں ملنے والا۔ پاکستان میں اقامہ، چوکی داروں اور لٹیروں کی سیاست کی گنجائش ختم ہو چکی ہے۔ اقامہ پر امارات میں چوکیداری کرنیوالے صاحب کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔