اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو بھارت کا غیر قانونی اقدام قرار دیتے ہوئے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ پاکستان اس کیخلاف ہر فورم پر آواز بلند کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پانچ اگست کو بھارت نے غیر قانونی اقدام اٹھایا اور ہندوتوا پالیسی کے ذریعے کشمیر میں بحران پیدا کیا۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ 16 جنوری کو کشمیر مسئلے پر سیکیورٹی کونسل کو بند کمرے میں بریفنگ دی گئی جبکہ اس کے علاوہ بھی پاکستان بھارتی غیر قانونی اقدام کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ مودی سرکار نے پانچ اگست 2019ء سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کرکے وادی کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ وہاں کے رہنے والے کشمیری ابھی تک محصور ہیں اور ان کی تمام آزادیاں سلب کی جا چکی ہیں۔