لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر فواد چودھری کا ترقیاتی منصوبوں میں بزدار حکومت سے شکوہ سچ نکلا، دنیا نیوز پنجاب میں ترقیاتی فنڈز سے متعلق حکومتی کارگردگی سامنے لے آیا۔
پنجاب کی گڈ گورننس میں وزراعظم عمران خان کا ضلع ترقی میں سب سے پیچھے ہے،۔ میانوالی کے لیے چار ارب کے فنڈز کا اجرا ہوا اور استعمال صرف 10 فیصد رہا۔
لودھراں کے لیے 70 کروڑ روپے کا اجرا کیا گیا لیکن فنڈز کا استعنال صرف 13 فیصد رہا، وفاقی وزیر فواد چودھری کے ضلع کے لیے ساڑھے تین ارب روپے کا پیکیج اور پچاس کروڑ روپے کا اجرا ہوا تاہم جہلم میں 15 فیصد فنڈز استعمال ہوا۔
ضلع جہلم ترقیاتی فنڈز کے استعمال میں ناقص کارگردگی کیساتھ 30 ویں نمبر پر چلا گیا، لاہور میں ترقیاتی کاموں میں بھی بسستی سامنے آ گئی۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کیلئے چار ارب روپے جاری ہوئے تاہم ناقص کارگردگی کے حوالے سے پانچویں نمبر پر ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اپنے ضلع کے لیے ابتک 6 ارب روپے کا اجرا کیا گیا۔ ڈیرہ غازی خان میں فنڈز کے استعمال میں تیزی کیساتھ 41 فیصد کارگردگی رہی۔
گجرات کے لیے 1 ارب روپے کے فنڈز کا اجرا کیا گیا لیکن فنڈز 27 فیصد خرچ ہو سکے، چکوال میں ابتک فنڈز کا استعمال 15 فیصد، راولپنڈی 14 فیصد اور پاکپتن کی 10 فیصد کارگردگی رہی۔
ملتان میں ابتک 18 فیصد فنڈز استعمال ہوئے اور رحیم یار خان میں 17 فیصد فنڈز کا استعمال کیا گیا۔
محکمہ خزانہ کے حکام کے مطابق پنجاب میں 177 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے جا چکے ۔ پنجاب بھر میں نصف مالی سال گزرنے کے باوجود فنڈز ابھی تک صرف 34 فیصد ہی خرچ ہو سکے۔
یاد رہے کہ صوبائی بجٹ کے دوران پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 350 ارب روپے کا ڈویلپمنٹ فنڈز رکھا گیا تھا۔