بلاول بھٹو کی ایم کیو ایم کو پیشکش غیر سنجیدہ تھی، فواد چودھری

Last Updated On 12 January,2020 10:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی پیشکش غیر سنجیدہ تھی، ایم کیو ایم والے سب سمجھتے ہیں، وہ بچے نہیں ہیں۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں میں گلے شکوے رہتے ہیں، خالد مقبول صدیقی کی بات انہونی نہیں ہے، وفد کل ایم کیو ایم سے ملے گا، حکومت کو اس وقت کوئی خطرہ نہیں ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ ہر اتحادی جماعت کا اپنا منشور اور نظریہ ہے۔ دیگر سیاسی جماعتوں کے اتحاد سے ہم ایک پارٹی نہیں ہوگئے۔ اتحادی جماعتوں نے اپنے اپنے منشور کے مطابق الیکشن لڑا ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہا کہ اعتزاز احسن جتنا نواز شریف کو جانتے ہیں، بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ دیکھتے ہیں ن لیگ اپنے اندرونی اختلافات سے کیسے نمٹتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس عمران خان کے متبادل کوئی سیاسی قیادت نہیں ہے۔ اپوزیشن کو دو سے 3 سال چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو سمجھ سکے۔ آج شہباز شریف کی اپنی کرسی کو خطرہ ہے، ان کی جماعت میں سے ہی امیدوار پیدا ہو گئے ہیں۔ شہباز شریف تلاش گمشدہ ہیں، وہ نواز شریف کو باہر بھجواتے بھجواتے خود باہر چلے گئے۔ ابھی تو یہ پتا نہیں چل رہا کہ اپوزیشن میں بات کس سے کرنی ہے؟