بلاول بھٹو زرداری کی نیب میں طلبی، پیپلز پارٹی نے تحفظات کا اظہار کردیا

Last Updated On 23 December,2019 06:00 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پارٹی چیئرمین کو قومی احتساب بیورو کی جانب سے طلب کیے جانے پر پیپلز پارٹی نے سخت تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نکمی وفاقی حکومت کے خلاف عوامی مہم چلانے پر پارٹی چیئرمین کے خلاف حکومت اوچھے ہتھکنڈےاستعمال کر رہی ہے، اس طرح کی ڈرامہ بازیوں سے نہیں ڈرتے۔

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مادر علمی سندھ مدرستہ السلام میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت میں ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نکمی حکومت کے خلاف مہم چلا رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہیں نیب کا نوٹس ملا جس پر ہمیں شدید تحفظات ہیں۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں گیس بحران پر مرتضیٰ وہاب نے وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ پرویز مشرف کے متعلق عدالتی فیصلے پر پوچھے گئے سوال پر ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ عدالتی معاملات عدالت میں ہی حل ہونے چاہیں۔