اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایل این جی درآمد کی آڈٹ رپورٹ شاہد خاقان کے دعوؤں کی نفی ہے، 108 ارب کی بے قاعدگیوں کا حساب دینا پڑے گا، مہنگی گیس کے پیچھے کٹھ پتلی وزیراعظم کی کارستانیاں ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا لیگی دور میں قطر سے ایل این جی کی درآمد میں ہوشربا مالی بے قاعدگیاں سامنے آ رہی ہیں، صارفین سے ساڑھے چار ارب اضافی وصولیوں کا جواب دینا پڑے گا، آج پاکستان کے عوام کو مہنگی گیس خریدنے پڑ رہی ہے، سیاسی انتقام کا راگ الاپنے اور خود کو بے گناہ قرار دینے والوں کا دامن داغدار ہے، قومی خزانے کو چونا لگانے والوں سے ایک ایک پائی وصول کی جائے گی۔