سیالکوٹ: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ لندن کی بیٹھک ایک نئی چال اور حکمت عملی ہے۔ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے والے ناکام ہوں گے۔
سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف پہلے لندن اپارٹمنٹس کی ملکیت سے انکار کرتے رہے، اب سسلین مافیا کہلانے والے گاڈ فادر وہیں پر اجلاس کر رہے ہیں۔ پاکستان میں مطلوب افراد کو قانون اور عدالتیں بلا رہی ہیں لیکن سسلین مافیا پاکستان آنے سے انکاری ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لوٹی دولت سے بنائے محل میں عوام کے درد کی باتیں کرتے ہیں۔ ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام دکھی ہیں۔ جعلی ٹی ٹیز اور اکاؤنٹ سے معیشت کو 440 وولٹ کے جھٹکے لگائے گئے اور کاغذی کمپنیوں سے جائیدادیں خریدی گئیں۔ شریف برادران نے اپنی اولاد کو خوشحال کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کرپشن سے دولت کے انبار لگائے گئے۔ چھوٹے میاں صاحب قوم کے ساتھ کی گئی ڈکیتیوں کا جواب دیں۔ نواز اور شہباز شریف کا 18 سوالات پیچھا کرتے رہیں گے۔
مولانا فضل الرحمان کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اقتدار کے ایوانوں سے پہلی دفعہ باہر ہوئے اس لیے مچھلی کی طرح تڑپ رہے ہیں۔ مولانا اپنی جماعت سے کہیں پارلیمنٹ سے استعفی دے اور سب سے پہلے بیٹے کو مستعفی ہونے کا کہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی ان ہاؤس تبدیلی کی خواہش دیوانے کی بڑھکیں ہیں، بلی کو خواب میں چھیچھڑے نظر آ رہے ہیں۔ شہباز شریف کا مفرور اہل وعیال کے ساتھ بات کرنے کا مطلب یہ بیانیہ پاکستان میں بک نہیں رہا۔ عمران خان اور پاکستان لازم وملزوم ہیں، وہی پاکستان کو ترقی کی منازل تک لے کر جائیں گے۔