گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ 72سالہ نظام کوٹھیک کرنے کے لیے ہمیں 72 ماہ تو دیدیں۔ مریم سزا یافتہ خاتون ہیں، درخواست ضمانت پر امید ہے عدالت قانون کے مطابق فیصلہ دے گی۔
گوجرانوالہ میں پولیس اصلاحات تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ انڈسٹریل حب ہے، کرپشن ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ عوام کو ریلیف دینا نمبرون ایجنڈا ہے، نسل درنسل سیاست کرنے والوں نے مخالفین کو پولیس مقابلوں کے ذریعے ٹھکانے لگایا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تھانہ کلچرسیاست کی نذرہوا۔ جب تک پولیس سیاست کے رنگ سے باہرنہیں نکلے گی تب تک پنجاب کی اصل شناخت بحال نہیں ہوسکتی۔ میں نے قسم کھائی ہے تھانہ،کچہری کی سیاست نہیں کرنی، وزیراعظم عمران خان نظام کو بدلنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ میں ڈیجیٹل پولیس ہیلپ لائن کا قیام خوش آئند ہے، پولیس یونیفارم کی عزت بحال کرنے کیلئے ہرممکن اقدام کریں گے۔ پولیس کی وردی کوڈھال بنانے والے قانون کا مذاق اڑاتے ہیں، پولیس کی صفوں میں تبدیلی کا عمل شروع ہوگیا ہے، تھانہ کلچرکوبدلنے کے لیے مثبت پیشرفت کی ہے۔
دوسری طرف پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سلمان شہباز، گبلو، ببلو، علی عمران، اسحاق ڈار کا ہاتھ پکڑ کر سینہ تان کر پاکستان آئیں، سلمان پاکستان آکرعدالتوں میں ہمیں جھوٹا ثابت کریں، اگر18سوالوں کا جواب نہیں دیں گے تومطلب آپ کے پاس کچھ نہیں ہے۔
معاون خصوصی اطلاعات و نشریات کا کہنا تھاکہ شہبازشریف صاحب!کرپشن کی عجب کہانیاں آپ کا پیچھا کرتی رہیں گی۔ وزیراعلی ہاؤس میں کیش بوائے کو سہولت کے لیے باقاعدہ سرکاری نوکریاں دی گئیں، ماضی میں کیمپ آفسز کو منی لانڈرنگ کا ذریعہ بنایا گیا، مسرورانور،شعیب قمرسے آپ کا رشتہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈھٹائی، بے شرمی میں پی ایچ ڈی کرنے والے ہم سے پوچھ رہے ہیں، دھیلے کی کرپشن بے نقاب ہوچکی ہے۔ منی لانڈرنگ کا پیسہ ٹی ٹیزکے ذریعے باہربھیجا گیا۔ لیگی ترجمانوں نے18سالوں کے جواب نہیں دیئے۔ قانون کا تقاضا ہے کہ مجرم قوم کوجواب دے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے خلاف متعدد کیسز چل رہے ہیں، سندھ کے سیاسی نابالغ آج ایک بیان دے رہے تھے ان سب کو کہنا چاہتی ہوں وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کیسز میں کسی کو نہیں چھوڑنا۔
اس سے قبل معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا نوجوانوں کو قرض کی فراہمی کا آغاز وزیر اعظم کا عہد کی پاسداری کی جانب عملی قدم ہے، لاکھوں نوجوانوں کی قرض کے حصول میں دلچسپی عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان پر اعتماد ہے، معاشرہ میرٹ کو فروغ دے کر ہی فلاح اور ترقی پائے گا، منصوبے کے تحت قرض حاصل کرنے والے نوجوان مبارکباد کے مستحق ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت ہے، پروگرام کے تحت تمام قرض میرٹ پر دیئے جائیں گے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کامیاب جوان پروگرام کے پہلے مرحلے میں 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اس کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت اور کاروبار کرنے والے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے، حکومت ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے مشن پر کاربند ہے۔