شاہد خاقان عباسی کے طبی معائنے کی ابتدائی رپورٹ جاری

Last Updated On 04 November,2019 06:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے طبی معائنے کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انھیں پتے کی پتھری اور ہرنیا کے مسائل ہیں۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو پتے کی پتھری اور ہرنیا کی شکایت کے باعث ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو ٹینشن کی وجہ سے ہائپر ٹینشن ادویات دی جا رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دو ہفتے پہلے ان کے دائیں جانب کی ہرنیا ناقابل علاج ہو چکی ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ چار سال پہلے بھی وہ کولیسٹرول کی زیادتی کا شکار رہے ہیں۔

ہسپتال میں شاہد خاقان عباسی کا بلڈ پریشر چیک کیا گیا جبکہ دل کے ڈاکٹرز کو بھی بلا کر ان کا معائنہ کرایا گیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کسی بھی سرجری سے پہلے ان کا بلڈ پریشر نارمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ہرنیا کے آپریشن کے لیے ڈاکٹر نے 7 نومبر کی تاریخ دی ہے۔