لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے سانحہ تیز گام کے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 15 لاکھ جبکہ زخمیوں کے لئے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کراچی سے لاہور کے درمیان ٹرینوں کی آمد ورفت بحال ہوگئی، ٹرینوں میں کھانا بنانے پر پابندی ہوتی ہے، ریلوے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گاڑی میں آگ گیس کا چولہا پھٹنے سے لگی، آگ نے تین بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لیا، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جلد ٹریک کھول دیں گے، تبلیغی جماعت کے کچھ افراد سلنڈر پر ناشتہ بنا رہے تھے، آگ بجھا دی گئی ہے، مسافروں کو لیاقت پور پہنچا دیا گیا، آگ 3، 4 ،5 نمبر بوگی میں لگی، متاثرہ بوگیوں میں رائیونڈ تبلیغی اجتماع پر جانے والے افراد سوار تھے۔ رحیم یار خان کے ڈی پی او تیمور خان نے کہا ہے کہ حادثے میں 16 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا آگ اکانومی کلاس میں لگی، مسافروں نے ٹرین سے کود کر جان بچائی، کھاریاں اور ملتان میں برن یونٹس ہیں، شدید زخمیوں کو رحیم یار خان منتقل کیا جا رہا ہے، بوگیوں میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تحقیقات کریں گے مسافر سلنڈر لیکر کون سے سٹیشن سے چڑھے۔ محکمہ ریلوے نے معلومات کیلئے ہیلپ لائن 03008060780 جاری کر دی۔
یاد رہے پاکستان ریلوے میں حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں، گزشتہ ایک سال میں ریکارڈ 80 ٹرین حادثات ہوچکے ہیں، ریلوے ریکارڈ کے مطابق جولائی 2018ء سے جولائی 2019ء تک چھوٹے بڑے 80 کے قریب ٹرین حادثے ہو چکے ہیں۔
سب سے زیادہ جون میں 20 حادثات ہوئے جس میں انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ محکمہ ریلوے کو بھی کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا، یکم جون کو لاہور یارڈ میں ریلیف ٹرین ڈی ریل ہوگئی۔ 3 جون کو عید سپیشل ٹرین لالہ موسی سٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئی۔
5 جون کو فیصل آباد اسٹیشن کے قریب شاہ حسین ٹرین کی بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں، 5 جون کو ہی کراچی ڈویژن میں کینٹر ٹرین کو حادثہ پیش آیا اور تھل ایکسپریس کی 5 بوگیاں کندھ کوٹ کے قریب پٹڑی سے اترگئیں۔ 20 جون کو حیدرآباد سٹیشن کے قریب جناح ایکسپریس مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور جاں بحق ہوگئے۔
18 جون کو ملتان ڈویژن میں ہڑپہ سٹیشن کے قریب جناح ایکسپریس ٹرین کی ڈائننگ کار کو آگ لگ گئی، 22 جون کو لاہور ریلوے سٹیشن کے یارڈ میں کراچی جانے والی تیزگام کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔
11 جولائی 2019 کو صادق آباد کے قریب راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی ٹرین اور مال گاڑی میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں کم سے کم 11 افراد جاں بحق جبکہ 25 سے زائد افراد زخمی ہوگئے اور مسافر ٹرین کا انجن اور کئی بوگیاں تباہ ہوگئیں۔