عمران صاحب این آر او کی آپ کو ضرورت ہے، نواز شریف کو نہیں: مریم اورنگزیب

Last Updated On 28 October,2019 03:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب این آر او کی آپ کو ضرورت ہے، نواز شریف کو نہیں، آج کی تقریر ایک خوفزدہ، بزدل اور ناکام شخص کی تھی، جتنا مرضی جھوٹ بول لیں، اب آپ کو استعفیٰ دینا پڑے گا۔

ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ایک سال میں 11 ہزار ارب تاریخی قرض لینے پر آپ کو این آر او نہیں ملے گا، عمران صاحب 50 لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں دینا پڑیں گی، دھمکی دیں یا گالی، ایک سال میں ترقی کی شرح 5.8 سے 2.4 فیصد کرنے پر آپ کو این آر او نہیں ملے گا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا عمران صاحب فارن فنڈنگ کیس میں آپ این آر او مانگ رہے ہیں، آپ کی منی لانڈرنگ اور غیر قانونی فنڈنگ 23 اکاؤنٹس کی صورت پکڑی جاچکی ہے، دوسروں پر این آر او مانگنے کا الزام لگاتے لگاتے آج آپ اپنے لئے این آر او کی بھیک مانگتے نظر آ رہے تھے، عمران صاحب ایک سال میں گیس 200 فیصد اور بجلی کی قیمت 35 فیصد سے زیادہ بڑھانے پر آپ کو این آر او نہیں ملے گا۔