لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 45 ہزار ہوگئی، بلڈ پریشر اور شوگر کنٹرول میں ہے، معمولی ہارٹ اٹیک ہوا، دل کے پٹھے متاثر نہیں ہوئے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف کی بیماری کی تشخیص ہوگئی، علاج جاری ہے، میڈیکل بورڈ کی مشاورت سے نواز شریف کو ادویات دی جا رہی ہیں، نواز شریف کو گزشتہ رات انجائنا کی تکلیف ہوئی، نواز شریف کا بون میرو نظام ٹھیک کام کر رہا ہے، نواز شریف کی پہلی اور اب کی ای سی جی میں فرق نہیں آیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا ن لیگ والوں کو نواز شریف کی صحت پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، نواز شریف عرصہ دراز سے دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، نواز شریف میڈیکل بورڈ کے علاج سے مطمئن ہیں، جو شخص ایک بار دل کا مریض ہو جائے وہ ہمیشہ خطرے میں ہوتا ہے۔