نہتے کشمیریوں سے یکجہتی، آج اسلام آباد میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائیگی

Last Updated On 11 October,2019 08:35 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا آج اہل کشمیر سے بھرپور اظہار یکجہتی کا اعلان، چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کارکنان کو ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کر دی۔

پی ٹی آئی چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج دن ڈھائی بجے ڈی چوک پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔ کارکنان وزیراعظم کی کال پر لبیک کہتے ہوئے اسلام آباد کے ڈی چوک میں جمع ہوں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پوری قوم یکجا ہو کر اہل کشمیر کو پیغام بجھوائے گی کہ پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے آگاہ کرینگے۔

سیف اللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب اہل کشمیر کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور مقبوضہ وادی میں محصور کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے نجات ملے گی۔