کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کے حکومت مخالف احتجاج کا مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی مارچ کا استقبال بھی کریں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے گلہ بھی کیا کہ مولانا فضل الرحمان کا احتجاج کہاں کہاں ہوگا؟ ہمیں ابھی تک نہیں بتایا گیا تاہم جے یو آئی کی مکمل سپورٹ کا اعلان کرتے ہیں۔ سندھ حکومت بھی پورا تعاون کرے گی۔
کور کمیٹی اجلاس کے بعد پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا کہ نااہل اور نالائق حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا، اس حکومت میں عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میری عوامی رابطہ مہم جاری رہے گی۔ اس سلسلے میں 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کے حوالے سے کراچی میں جلسہ ہوگا۔