مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کیلئے 4 ائیرکنڈیشنڈ اور بلٹ پروف کنٹینر تیار

Last Updated On 03 October,2019 10:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان بھی کنٹینر پر دھرنا دیں گے۔ آزادی مارچ کیلئے چار ائیر کنڈیشنڈ اور بلٹ پروف کنٹینر تیار کر لئے گئے۔ آرام کے لئے بیڈ، واش روم اور کچن کی سہولت بھی موجود ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان اور طاہر القادری کے بعد ملکی سیاست میں ایک اور کنٹینر کی انٹری ہو گئی ہے۔ کنٹینر سیاست کے مخالف بھی کنٹینر پر چڑھنے کو بے تاب ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کیلئے چار کنٹینر تیار کر لیے گئے ہیں۔

آزادی مارچ کے لئے کنٹینرز کی تزئین وآرائش کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ چاروں کنٹینر بلٹ پروف، مکمل ائیرکنڈیشنڈ، روشن اور ہوادار بنائے گئے ہیں۔ ہر کنٹینر میں سونے اور آرام کیلئے بیڈ، واش روم اور کچن کی سہولت بھی موجود ہوگی۔

ہر کنٹینر میں بارہ افراد کے بیٹھنے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان 27 اکتوبر کو کنٹینر پر سوار ہوں گے۔