خیبر پختونخوا اسمبلی: وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا پر تہنیتی قرارداد منظور

Last Updated On 30 September,2019 09:47 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا پر تہنیتی قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔

اجلاس میں معدنیات پر آبکاری کا بل حکومتی وزرا کے اعتراض کے باعث موخر کر دیا گیا۔ وزیر صحت کہتے ہیں کہ صوبے میں ستر سال سے ہیلتھ سیکٹر میں کسی نے کام نہیں کیا، صرف نوشیروان برکی نے ہیلتھ سیکٹر کا نظام درست کیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر مشتاق غنی کے زیر صدارت ہوا، جس میں پی ٹی آئی کی خاتون رکن اسمبلی میمونہ باسط نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا اور اقوام متحدہ میں دلیرانہ تقریر پر تہنیتی قرارداد پیش کی جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

اجلاس میں اپوزیشن اراکین نے ایم ٹی آئی ہسپتالوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کی بربادی کا ذمہ دار نوشیروان برکی کو قرار دیا۔ ارکان اسمبلی ہسپتالوں میں کتے اور سانپ کاٹنے کے ویکسین نہ ہونے کا رونا بھی رویا۔

ایوان میں وزیر صحت نے ایم ٹی آئی ایکٹ کو ہسپتالوں کے لئے بہتر قرار دیا۔ ہشام انعام اللہ کا کہنا تھا کہ ہیلتھ سیکٹر میں 70 سالوں سے کام نہیں ہوا، جتنا نوشیروان برکی نے چھ سالوں میں کیا۔ آوارہ کتے بڑھ گئے ہیں، کتے مارنا میرا کام نہیں ہے۔

اجلاس میں سیاحتی بل، سپیشل پولیس فورس مستقلی بل منظور کیا گیا جبکہ معدنیات پر آبکاری کا بل وزیر اور ایم پی ایز کے اعتراض کے باعث موخر کر دیا گیا۔ چمن واقعہ کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔