وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب شیڈول، آج دنیا کو بھارت کا اصلی چہرہ دکھائیں گے

Last Updated On 27 September,2019 06:51 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان آج جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس سے خطاب کریں گے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شیڈول ہے۔ وزیراعظم آج دنیا بھر کے سامنے بھارت کا چہرہ بے نقاب کریں گے۔

 اقوام متحدہ کی ویب سائٹ پر جاری شیڈول کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا خطاب مقررین میں ساتویں نمبر پر ہے۔ وزیراعظم عمران خان اپنے خطاب میں مقبوضہ وادی میں کرفیو اور لاک ڈاؤن سے متعلق دنیا کو آگاہ کریں گے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ (یو این) جنرل اسمبلی سے پاکستانی وقت کے مطابق 8 بجے کے قریب خطاب کرینگے۔

اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے نیویارک میں ایشیا سوسائٹی سے خطاب کرتےہوئے کہا مقبوضہ وادی میں خون ریزی کا خدشہ ہے، اقوام متحدہ اور دنیا فوری ایکشن لے۔ انہوں نے کہا پاکستان اور بھارت میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے، جنگ کی دھمکی نہیں، دنیا کو سنگین صورتحال سے آگاہ کر رہا ہوں۔

بدھ کے روز وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا کے دوران مسئلہ کشمیر اور اسلامو فوبیا سمیت اہم مسائل پر عالمی رہنماؤں سے بات چیت کی۔ نیویارک میں پریس کانفرنس میں وزیراعظم نے کہا کہ مغربی ممالک کی جانب سے دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنا بدقسمتی ہے۔

وزیراعظم نے ٹویٹ میں بتایا کہ ترکی، پاکستان اور ملائشیا نے مشترکہ طور پر انگریزی زبان کا چینل کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انگریزی چینل کا مقصد مشترکہ طور پر اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنا ہے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز ترک صدر طیب اردوان سے بھی ملاقات کی اور جنرل اسمبلی میں تقریر کے دوران کشمیر کا ایشو اٹھانے پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔
 

 

وزیراعظم کی ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے بھی ملاقات ہوئی۔ مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیومن رائٹس واچ سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے انھیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے وال سٹریٹ جنرل کی ادارتی بورڈ سے گفتگو بھی کی۔ انہوں نے کہا مودی کے تکبر نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا مودی کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم نے ناروے کی ہم منصب ایرنا سولبرگ اور بل گیٹس سے بھی ملاقات کیں۔