میرپور: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان نے میرپور میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے جاتلاں اور اس سے ملحقہ علاقوں میں عوام سے ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں کا موقع پر جائزہ لیا اور انھیں تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے متاثرین کی شکایات بھی سنیں اور ان کے ازالے کے احکامات صادر کیے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ آج رات تک ہر صورت تمام متاثرین کو ٹینٹ فراہم کر دیے جائینگے۔ عورتوں اور بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر امداد فراہم کی جائیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ زلزلہ ایک بڑی آزمائش ہے، ہم متاثرین کو مکمل طور پر بحال کرینگے۔