شہباز گل مستعفی کیوں ہوئے، دنیا نیوز اہم حقائق سامنے لے آیا

Last Updated On 13 September,2019 09:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ترجمان شہباز گل کی تبدیلی کے اہم حقائق سامنے آ گئے ہیں، شہباز گل نے پہلے محکموں میں چھاپے مارنے کا نوٹیفکیشن جاری کرایا تھا۔

ذرائع کے مطابق شہباز گل نے لیٹر جاری ہونے کے بعد استدعا کی کہ میں خود استعفی دیتا ہوں، شہباز گل نے نوٹیفکیشن رکوا کر استعفی دیا تاکہ عزت رہے، ان کو وزیراعلیٰ نے غیر ضروری مداخلت کرنے پر متعدد بار روکا بھی تھا۔

ذرائع کے مطابق شہباز گل بعض پولیس اور ڈسٹرکٹ افسران سے بھی الجھتے رہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ان پر پابندی عائد کی تھی کہ ان کے ساتھ کسی وزٹ پر نہیں جائیں گے، انہوں نے متعدد اجلاسوں میں نشاندہی کی کہ معاملات میں مداخلت نہ کی جائے۔

ذرائع کا کہناہے کہ مستعفی ہونے والے وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان کی مداخلت پر عثمان بزدار نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے چند روز قبل وزراء اور پارٹی رہنمائوں پر شدید تنقید کی تھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل مستعفی ہوگئے
 

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان سے ہونیوالی ملاقات میں آگاہ کیا کہ شہباز گل سمیت کچھ افراد ہمارے ویژن کے خلاف ہیں، وزیراعظم نے اسکے خلاف ایکشن لیا اور فوری تبدیلی کی منظوری دی تھی۔

دوسری طرف پنجاب حکومت سے الگ ہونے کے بعد پہلے ٹویٹ میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان میرے لیڈر ہیں مجھے ان پر فخر ہے جو انشاء اللہ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالیں گے۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مثبت تبدیلی کیلئے پہلے بھی خان کا سپاہی تھا اور اب بھی ہوں!، وطن عزیز کی خدمت کیلئے مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں!