لاہور: بارش کے باعث زیر تعمیر دیوار گرنے سے 3 افراد دب کر جاں بحق

Last Updated On 01 September,2019 10:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے مناواں میں بارش کے باعث زیر تعمیر دیوار گر گئی۔ ملبے تلے دب کر 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، دو ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق لاہور کے علاقے مناواں میں کرکٹ کھیلتے نوجوان بارش سے بچنے کیلئے دیوار کی اوٹ میں ہوئے تو اچانک موت نے انہیں دبوچ لیا اور ان پر زیر تعمیر دیوار آ کر گر گئی۔

افسوسناک حادثے میں نوجوانوں کی ہلاکت نے علاقے کی فضا سوگوار کر دی۔ جاں بحق سجاول تین بچوں کا کفیل اور رکشا ڈرائیور تھا، مگر کرکٹ کا جنون کی حد تک شوق تھا۔

پولیس نے لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں جبکہ زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔