بلاول کو لیڈر نہیں مانتا، وہ سلیکٹد پارٹی چیئرمین ہیں: وزیراعلیٰ خیبر پختنوخوا

Last Updated On 28 August,2019 04:35 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ میں انھیں لیڈر نہیں مانتا۔

ضلع مومند میں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ خیبر پختنوخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ جیلوں میں مراعات کا مطالبہ کرنے والوں کو تحریک انصاف کی حکومت میں مراعات نہیں مل سکتی۔ اپوزشن سڑکوں پر نکلنا چاہتی ہے تو نکل آئے۔ ہم نے اسلام آباد لاک ڈاؤن کیا تھا تو ہمارے پاس ایجنڈا تھا۔

وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ میں بلاول کو لیڈر نہیں مانتا، وہ ایک سلیکٹد پارٹی چیئرمین ہیں، انھیں تو یہ بھی معلوم نہیں کہ بندوبستی علاقہ کونسا ہے اور قبائلی کونسا ہے۔ یہاں کے حالات تھر اور کراچی لاکھ درجے بہتر ہیں۔ قبائلی اضلاع کے انتخابات میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا صفایا ہو چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قبائلی اضلاع سے دو وزرا اور ایک معاون خصوصی لیا جائے گا۔ کوشش ہے کہ قبائلی اضلاع سے کابینہ میں خاتون کو بھی شامل کیا جائے۔ 15 ستمبر سے قبائلی اضلاع میں ٹیکس رعایت کی توسیع ہو جائے گی جبکہ قبائلی اضلاع کیلئے انصاف روزگار سکیم بند نہیں ہے۔