لاہور پولیس نے عیدالاضحٰی کے موقع پر سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے

Last Updated On 11 August,2019 08:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں پولیس نے عیدالاضحٰی کے موقع پر سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں، شہر بھر میں 5 ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔

 

ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کے مطابق 6 ایس پیز، 32 ڈی ایس پیز، 84 انسپکٹرز سکیورٹی ڈیوٹیوں کی نگرانی کریں گے جبکہ 5 ہزار سے زائد دیگر اہلکار مختلف مقامات پر تعینات ہوں گے۔

4 ہزار 533 مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں میں نمازِ عید ادا کی جائے گی۔

سکیورٹی انتظامات کے پیشِ نظر 278 مساجد اور عبادت گاہیں اے کیٹیگری، 832 بی، 3 ہزار 423 سی کیٹیگری میں شامل ہیں۔ 193 کھلے مقامات پر ادا کی جانے والی نماز عید کو بھی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

سکیورٹی انتظامات میں 13 ہزار سے زائد رضا کار بھی معاونت فراہم کریں گے۔

نمازیوں کو میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس کی مدد سے چیک کیا جائے گا جبکہ عید گاہوں کے قریب اونچی عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہوں گے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ہلڑ بازی روکنے کے لئے بھی پولیس کی بھی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ڈولفن سکواڈ اور پیرو فورس کے اہلکار تفریحی مقامات کے اطراف گشت کریں گے۔

دوسری جانب سٹی ٹریفک پولیس نے بھی عیدالاضحٰی کا ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ مصروف شاہراہوں پر واقع سو سے زائد مساجد، عید گاہوں اور کھلے اجتماعات کے لئے عید کے پہلے روز 50 فیصد نفری موجود رہے گی۔

ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 10 ڈی ایس پیز، 80 انسپکٹر اور 1100 سے زائد وارڈنز تعینات خصوصی ڈیوٹیوں پر مامور ہونگے۔