لاہور ہائیکورٹ: قرضوں کے حوالہ سے زیر التوا کیس سماعت کیلئے مقرر

Last Updated On 06 August,2019 02:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار محمد شمیم خان نے قرضوں کے حوالہ سے زیر التوا درخواستیں سماعت کے لئے مقرر کر دیں، فل بنچ 13 ستمبر کو سماعت کرے گا۔

لاہور ہائیکورٹ کے سنیئر ترین جج جسٹس مامون رشید شیخ کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ سماعت کرے گا، بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس شاہد وحید، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس جواد حسن اور جسٹس عاصم حفیظ شامل ہیں۔ وزیراعظم نے 31 جولائی کو 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے قرضوں کے بارے میں زیر التوا درخواستوں کی جلد سماعت کی استدعا کی تھی۔

درخواستوں پر ابتدائی سماعت 2016 میں اُس وقت کے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے کی تھی۔ درخواستوں میں فنانس بل ریکوری آف فناسز 2001 کے سیکشن 15 کو چیلنج کیا گیا تھا۔ ہائیکورٹ نے درخواستوں پر ابتدائی سماعت کے بعد سیکشن کو معطل کر دیا تھا۔ درخواستوں پر آخری بار سماعت مئی 2019 میں لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے کی تھی۔ فل بنچ نے اٹارنی جنرل پاکستان اور درخواست گزار وکلا کی عدم دستیابی پر کارروائی ملتوی کی تھی۔