اسلام آباد: (دنیا نیوز) فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے ایک لاکھ اڑتالیس ہزار پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
ان میں سے ایک لاکھ 5 ہزار سرکاری جبکہ 43 ہزار عازمین نجی حج سکیم کے ذریعے ارض مقدس پہنچے۔ سرکاری حج سکیم کے 51 ہزار عازمین مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کرکے مکہ پہنچ چکے ہیں جبکہ 8 ہزار ابھی مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔
سرکاری حج سکیم کے تحت مکہ پہنچنے والے عازمینِ حج کی تعداد 96 ہزار ہو چکی ہے۔ پاکستان سے حج فلائٹ آپریشن 6 اگست تک جاری رہے گا۔
وزارتِ مذہبی امورکا سیزنل سٹاف، حج میڈیکل مشن اور معاونین ہمہ وقت حجاج کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ مذہبی امور کی مانیٹرنگ ٹیموں کے ذریعے نجی حج کمپنیوں کی مانیٹرنگ جاری ہے۔
حرم گائیڈز کے ذریعے راستہ بھولنے والے عازمینِ حج کی رہائش گاہوں تک رہنمائی جاری ہے۔ 9 رہائشی سیکٹرز میں ڈسپنسریاں جبکہ 40 بیڈ کا مرکزی ہسپتال حجاج کو ایمرجنسی طبی سہولیات کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ بزرگ عازمین حج کیلئے وہیل چیئرز کا خصوصی انتظام ہے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے 24 گھنٹے مفت ہیلپ لائن 8001166622 کام کر رہی ہے۔