بہاولپور کے قریب آئل ٹینکر الٹ گیا، ایک شخص جاں بحق

Last Updated On 30 July,2019 05:29 pm

بہاولپور: (دنیا نیوز) بہاولپور کے نواحی علاقہ خانقاہ شریف میں ٹائر پھٹنے کے باعث آئل ٹینکر الٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا، ٹینکر کا پیٹرول بہہ کر قریبی آبادی میں داخل ہوگیا، پولیس اور ریسکیو نے قومی شاہراہ کو مکمل سیل کرکے آپریشن شروع کردیا۔

یہ افسوسناک واقعہ دوپہر 2 بجے کے قریب قومی شاہراہ پر اس وقت پیش آیا جب کراچی سے آنے والا تیز رفتار آئل ٹینکر ٹائر برسٹ ہونے کے باعث الٹ گیا۔

اس حادثہ میں ٹینکر میں موجود 40 ہزار لیٹر پیٹرول بہہ کر قریبی آبادی میں جانا شروع ہوگیا تاہم مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرکے پورے علاقہ اور قومی شاہراہ کو دونوں اطراف سے مکمل سیل کر کے ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔

حادثہ میں ٹینکر کے سیکنڈ ڈرائیور کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ مقامی پولیس نے ٹینکر کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔