بلوچستان و شمالی وزیرستان میں شہید دیگرجوانوں کی تدفین آج کی جائے گی

Last Updated On 28 July,2019 02:34 am

لاہور: (دنیا نیوز) وطن کا دفاع کرتے جام شہادت نوش کرنے والے فوج کے جوانوں کو اپنے آبائی علاقوں میں آج سپردخا ک کیا جائیگا، مسلح افواج کے دستوں نے شہدا کو سلامی پیش کی۔

شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر پٹرولنگ کرتے ہوۓ دہشت گردوں کے حملےمیں حوالدار محمد خالد شہید ہو گئے، چشتیاں کے چک اڑتالیس کے حوالدار محمد خالد آرمی کے یونٹ 70 میں فرائض انجام دے رہے تھے۔

شہید کاجسد خاکی آج ان کے گاؤں پہنچایا جائے گا جہاں انہیں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا جائیگا۔ شہید محمد خالد کی بیوہ والدہ بیٹے کی شہادت پر غمزدہ ہونے کی بجائے خدا کے حضور شکرگزار نظر آئیں۔

شمالی وزیرستان کے شہید جوان محمد بچل کی میت بھی آج ان کے گاؤں کندھ کوٹ رحیم بخش باجکانی پہنچائی جائے گی، شہید بچل نے سوگواروں میں ایک بیوہ، تین بیٹیاں اور چھ بیٹے چھوڑے ہیں۔

ان کے والد غلام محمد کا کہنا ہے کہ بیٹے کی وطن کی خاطر شہادت پر فخر ہے، شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔