وزیراعظم کا وطن واپسی پر دوحہ میں پڑاؤ، قطری ہم منصب سے ملاقات

Last Updated On 25 July,2019 03:00 am

دوحہ: (دنیا نیوز) امریکا کا کامیاب دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم عمران خان مختصر قیام کیلئے دوحہ رکے جہاں ان کی قطری ہم منصب عبدالله بن نصر بن خلیفہ الثانی سے ملاقات ہوئی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ اس ملاقات میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی سید ذوالفقار بخاری، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور قطر میں پاکستان کے سفیر سید احسن رضا شاہ بھی موجود تھے۔

دونوں وزرائے اعظم نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے امیر قطر کے حالیہ دورہ پاکستان کے حوالے سے بات کی اور معاشی تعاون کرنے پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔

 

دونوں وزرائے اعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ہوا بازی، زراعت، سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، افرادی قوت اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے عزم کو بھی دہرایا۔ قطر میں پاکستانیوں کے کردار کو بھی سراہا گیا جبکہ قطر کے وزیراعظم کی جانب سے پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔