کوئٹہ: مشرقی بائی پاس پر بم دھماکہ، 2 افراد جاں بحق، 25 زخمی

Last Updated On 24 July,2019 06:05 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس میں بم دھماکے سے 2 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے، دھماکہ خیز مواد سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

دھماکہ مشرقی بائی پاس کے علاقے شبیر جان سٹاپ کے قریب ہوا جسکے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 25 افراد زخمی ہوئے، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فورسز نے جائے وقوعہ پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لیا جبکہ جاں بحق اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق دھماکے سے جاں بحق افراد کی شناخت منظور احمد جبکہ دوسری لاش کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں دو سے تین کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا جو کہ ایک سائیکل میں نصب تھا جسکے نتیجے میں 5 دکانوں اور ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔