ہزار گنجی سبزی منڈی دھماکا، کوئٹہ میں فضا سوگوار، ہزارہ برادری کا دھرنا

Last Updated On 13 April,2019 03:42 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ دھماکے کے بعد شہر میں آج بھی فضا سوگوار ہے، ہزارہ برادری کی جانب سے مغربی بائی پاس پر دھرنا دوسرے روز میں داخل ہوگیا، دھماکے میں جاں بحق 8 افراد کی ہزار ہ قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔

ہزار گنجی سبزی منڈی کوئٹہ میں دھماکے کے بعد شہر میں سوگ کا سماں، ہر آنکھ آشکبار اور دل افسردہ ہے۔ افسوسناک واقعے پر ہزارہ برادری کی جانب سے مغربی بائی پاس پر دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ حملوں کے باوجود سکیورٹی فراہم نہیں کی گئی، مطالبات منظور نہ ہونے تک دھرنا جاری رہے گا۔ دھماکے میں جاں بحق 8 افراد کو آہوں اور سسکیوں میں ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت اجلاس میں شہدا کے ورثا سے مکمل یکجہتی کا اظہار اور فوری مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ صوبائی حکومت نے دہشت گردوں کے سرپرستوں کیخلاف آپریشن میں تیزی لانے اور سبزی مارکیٹ میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔