پاکستانی ویزا سٹیکرز کی غیر ملکیوں کو فروخت کا انکشاف

Last Updated On 22 July,2019 11:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق حکومتوں کے دور میں پاسپورٹ آفس سے سیکڑوں ویزا سٹیکرز غیر ملکیوں کو فروخت کرنے کا سراغ لگا لیا گیا ہے، غیر قانونی دھندے سے کروڑوں روپے بنائے گئے جبکہ پاسپورٹ آفس میں 150 غیر قانونی بھرتیاں بھی پکڑی گئیں۔

ایف آئی اے نے پاسپورٹ حکام کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ویزا سٹیکرز کے غیر قانونی دھندے کا تمام ریکارڈ 26 جولائی تک فراہم کیا جائے۔ ذرائع کےمطابق چوری شدہ ایک ویزا سٹیکر لاکھوں روپے میں فروخت کیا جاتا تھا۔

ادھر گزشتہ دس سال کے دوران پاسپورٹ آفس میں ڈیڑھ سو سے زائد خلاف ضابطہ بھرتیوں کی بھی انکوائری شروع کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بھرتیوں کے لئے اخبار میں اشتہار دیا گیا نہ ہی کسی قاعدے قانون پر عمل ہوا، تمام افراد کو کنٹریکٹ پر بھرتی کیا گیا، توسیع کے لئے رشوت لی جاتی تھی۔