اسلام آباد ایئرپورٹ: سمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے اہلکار گرفتار

Last Updated On 22 July,2019 12:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ایئرپورٹ پر تعینات ایف آئی اے اہلکار کو موبائل سمگلنگ میں ملوث ہونے پر گرفتار کر لیا گیا، ملزم کو برآمد ہونے والے موبائلز سمیت کسٹمز کے حوالے کر دیا گیا۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اے ایس ایف نے سمگلرز کے سہولت کار ایف آئی اے اہلکار محمد وقاص بھٹی کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، ملزم وقاص بھٹی نے دبئی سے آنے والے مسافر توحید سے باتھ روم میں موبائل فون سے بھرا بیگ لیا اور بیگ لیکر ایئرپورٹ سے باہر جا رہا تھا۔

اس دوران سی سی ٹی وی فوٹیج کی مانیٹرنگ میں مشکوک حرکات پر اسے اے ایس ایف نے روک کر سامان کی تلاشی لی، اس دوران بیگ سے 60 قیمتی سمارٹ فون برآمد ہوئے، جس پر اے ایس ایف عملہ نے ایف آئی اے اہلکار وقاص بھٹی، مسافر توحید کو گرفتار کر کے محکمہ کسٹمز کے حوالے کر دیا، ملزمان کے خلاف محکمہ کسٹمز نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔