سپورٹس فیسٹیول تحقیقات: نیب نے رانا مشہود کو 8 جولائی کو طلب کر لیا

Last Updated On 29 June,2019 05:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نیب لاہور نے پنجاب سپورٹس فیسٹیول تحقیقات میں رانا مشہود کو ذاتی حیثیت میں 8 جولائی کو طلب کر لیا۔

 ادھر ایف آئی اے امیگریشن نے رانا مشہود کو امریکا جانے سے روک دیا۔ رانا مشہود کو رات 2 بجے امریکا جانے والی پرواز سے آف لوڈ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق رانا مشہود کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہونے کی وجہ سے روکا گیا۔

اس معاملے پر سابق صوبائی وزیر پنجاب رانا مشہود کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ ان کا کہنا ہے بیرون ملک جانے کیلئے لاہور ائیرپورٹ پہنچا تو عملے نے جانے سے روکا، کہا گیا کہ نیب کی جانب سے بلیک لسٹ کیا گیا ہے، کیس کے متعلق دریافت کرنے پر متعلقہ عملے کی جانب سے لاعلمی کا اظہار کیا گیا۔

رانا مشہود نے بتایا کہ نیب حکام نے ایف آئی اے کو آگاہ کیا کہ وہ کسی کیس میں مطلوب نہیں، انہیں جانے دیا جائے، ایف آئی اے کی لاعلمی کی وجہ سے وقت ضائع ہوا اور ان کی فلائٹ مس ہو گئی۔