پی آئی اے کی کارکردگی پر بحث، مشاہد اللہ خان اور فیصل جاوید میں جھڑپ

Last Updated On 07 May,2019 08:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہوا بازی کے اجلاس میں پی آئی اے کی کارکردگی پر بحث کے دوران مشاہد اللہ خان اور فیصل جاوید کی جھڑپ اور تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق سینیٹ کمیٹی برائے ہوا بازی کے اجلاس میں سینیٹر مشاہد اللہ اور فیصل جاوید کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ فیصل جاوید نے ن لیگ کے دور میں کارکردگی پر سوال پوچھا تو مشاہد اللہ شدید غصے میں آ گئے اور کہا کہ یہ کوئی طریقہ ہے بات کرنے کا، کئی بار ایسی باتیں سن چکا ہوں، ہر چیز کی کوئی حد ہوتی ہے۔

سینیٹر فیصل جاوید کا کا کہنا تھا کہ ممبر کی حیثیت سے اس پر بات کرنا میرا حق ہے۔ جبکہ سینیٹر نعمان وزیر نے کہا کہ آپ نرمی سے بات کریں، صرف سوال ہی تو کیا ہے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے سوال کیا کہ ن لیگ کے دور میں پی آئی اے کہاں تھا اور آج کہاں ہے؟ جس پر مشاہد اللہ نے جواب دیا کہ آپ تفصیلات منگوا کے دیکھ لیں، اگر آپ کے 5 سال پورے ہوئے تو بات کی جائے گی۔ ایجنڈا تو آپ کی مرضی کے مطابق نہیں چلے گا۔