کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے تاجروں سے وفد کیساتھ ملاقات میں واضح کر دیا ہے کہ خرید وفروخت کے لیے شناختی کارڈ کی شرط ختم نہیں ہوگی، بزنس پرانے طریقے سے نہیں چلے گا، مسائل حل کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق معاشی ٹیم کے ہمراہ کراچی کے دورے پر آئے وزیراعظم عمران خان سے تاجروں کے وفد نے ملاقات کی اور انھیں خرید وفروخت پر شناختی کارڈ کی شرط ختم کرنے کی تجویز دی۔ تاہم وزیراعظم نے یہ شرط ختم کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ اب کاروبار پرانے طریقے سے نہیں چلے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خوف کی فضا ختم کرکے کاروبار کی آسانی کے لیے کام کرینگے۔ تاجروں نے برآمدی شعبے پر سیلز ٹیکس 17 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد کرنے کی تجویز دی۔
تاجروں کے وفود نے ٹیکس نظام میں اصلاحات، مہنگائی پر کنٹرول، سمگلنگ کی روک تھام، کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے مواقع بڑھانے اور محصولات میں اضافہ کیلئے بھی تجاویز پیش کیں۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے کراچی آنے کا مقصد تاجروں کے مسائل حل کرنا ہے۔ مسائل کا فوری حل نکالنے کیلئے میری معاشی ٹیم موجود ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت تاجروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتی ہے۔ اب پاکستان کی معیشت پرانے طریقہ کار کے تحت نہیں چلائی جا سکتی۔ ہماری اولین ترجیح غربت کا خاتمہ اور معاشی عمل کو تیز کرنا ہے۔ ان مسائل کے حل کیلئے ہمیں تاجروں کی مدد چاہیے۔ کاروباری برادری پارٹنر بن کر حکومت کے ساتھ کام کرے۔