اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز کا عوام کو ورغلانے کا ڈرامہ فلاپ ہوگیا، عوام کا پیسہ ایسی ریلیوں پر خرچ کر کے سرخرو نہیں ہوسکتیں۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا اسے جلسہ نہیں کہوں گی، یہ روٹین کی موومنٹ ہے، سب وسائل لٹانے اور جلسہ کرنے کے باوجود مریم نواز ناکام ہوگئی ہیں۔ آپ سرخرو کہاں ہوئے ہیں ؟ آپ کو عدالت نے سزا دی ہوئی ہے، سرخرو ہونے کا آسان طریقہ منی ٹریل دینا تھا، آپ کا آدھا خاندان بھاگا ہوا ہے۔ یہ عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت نہیں کر سکے، وہ عوام کو ہاتھ اٹھا اٹھا کر بے گناہ ہونے کا یقین دلا رہی ہیں، یہ لوگوں کو گمراہ کرنے میں مصروف عمل ہیں۔
حکومت نے ویڈیو کی فرانزک کرانے کا اعلان کردیا
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا مریم نواز تمام حربے اور وسائل کے استعمال کے باوجود لوگوں کو متوجہ کرنے میں ناکام رہیں، عمران خان نے نہیں نواز شریف کو سپریم کورٹ نے سزا دی ہے، آپ ضمانت پر ہیں، آپ کو عدالتی عمل کا سامنا کرنا ہے، آپ عدالت میں اپنا بیانیہ دیں۔ انہوں نے کہا جن کو عوام نے 5 سال کیلئے مینڈیٹ دیا ہے انہیں کام کرنے دیں، آپ عوام کے اعصاب سے کھیلنا بند کریں، سرخرو تو اس وقت ہوتے جب لوٹی ہوئی رقم قوم کو لوٹا دیتے، آپ کو عوام کا نہیں اپنا درد ہے، اقتدار چھن جانے کے درد نے آپ کو متحرک کیا ہوا ہے۔
ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے مریم صفدر والد کی علالت پر سیاست کرتی رہی ہیں، آپ نے نواز شریف کی علالت پر بھی سیاست کی، سزا یافتہ انسان کی کسی بات پر یقین نہیں کیا جاسکتا، ن لیگ والے اندر سے کھوکھلے ہوچکے ہیں، اب عوام بھی ن لیگ کی باتوں پر یقین نہیں کرتے، منی ٹریل مانگنے پر قطری خط سامنے لایا گیا، پاکستان کے عوام جانتے ہیں انہوں نے ملک کو کیسے لوٹا ؟۔