'شہباز صاحب پارٹی اقدامات آپ کے دماغی چیمبر پر عدم اعتماد کا اظہار ہے'

Last Updated On 03 July,2019 11:18 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز صاحب پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی سے فراغت اور نئے پارلیمانی لیڈر کا تقرر آپ کی پارٹی کا آپ کے دماغی چیمبر پر عدم اعتماد ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ جب تک سلمان شہباز اور داماد علی عمران واپس آکر دھیلے اور دمڑی کا جواب نہیں دیتے شہباز شریف کے دماغی چیمبر پر بوجھ رہے گا، گلوبٹ کے سرپرستوں کے منہ سے ریاستی دہشتگردی کی بات سنگین مذاق ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا آپ شاید ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی بدترین دہشتگردی بھول چکے ہیں، معصوم شہیدوں کی آہوں اور سسکیوں نے عرش ہلا دیا، ماڈل ٹاؤن میں نہتے عوام پر گولیاں برسانے والے اللہ کی پکڑ میں آ رہے ہیں۔